کاروار 19/جنوری (ایس او نیوز)ریاستی اور نیشنل ہائی ویز پر جرائم اور حادثات روکنے کے لئے پٹرولنگ کرنے کے مقصد سے 100موٹر گاڑیاں حکومت کی طرف سے فراہم کی گئی ہیں۔ اس میں سے ضلع شمالی کینرا کو 6گاڑیاں ملی ہیں۔
ہائی وے پٹرولنگ کی ان گاڑیوں میں 360ڈگری کیمرہ، ٹچ اسکرین مانیٹر،فرسٹ ایڈ باکس،فولڈنگ اسٹریچر،آگ بجھانے کے آلات، سرچ لائٹ، ٹاپ بار لائٹ اور دیگر جدید آلات لگائے گئے ہیں۔فی الحال یہ گاڑیاں کاروار میں ضلع آرمڈ فورس کی تحویل میں دی گئی ہیں۔ہائی وے تحفظاتی پروگرام کے تحت ریاست بھر میں استعمال ہونے والی ان پٹرولنگ گاڑیوں کا دائرہئ کار ہر 40کلو میٹر کے لئے ایک گاڑی کے تناسب سے رکھا گیا ہے۔ان گاڑیوں کی ذمہ داریوں میں ٹریفک قوانین پر عمل در آمد اور حادثات میں زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال تک پہنچانا شامل ہے۔
لیکن پتہ چلا ہے کہ ان گاڑیوں کے لئے نئے ڈرائیورس کو ابھی نامزد نہیں کیا گیا ہے۔ ریاستی حکومت کی طرف سے فراہم کردہ ان گاڑیوں کی قیمت تقریباً 11لاکھ روپے ہے۔ مگرحکومت نے ڈرائیورس، پولیس افسراور اسٹاف نامزد کرنے کی ذمہ داری ضلعی محکمہ کو ہی دی ہے۔ اس صورت میں لگتا ہے کہ ڈپارٹمنٹ کے پاس پہلے سے موجود ڈرائیوروں کو ہی ان گاڑیوں کے لئے بھی استعمال کیا جائے گا۔حالانکہ یہ ایک عوامی مفاد کی سروس ہے، لیکن خدشہ ہے کہ دیگر محکمہ جات کی گاڑیوں کی طرح پٹرولنگ کی یہ گاڑیاں بھی محکمہ پر بوجھ بن کر رہ جائیں گی۔کیونکہ روزانہ ہائی وے پر مسلسل پٹرولنگ کرنے کے لئے اسٹاف اورایندھن کی ضرورت ہوتی ہے۔اس کے علاوہ گاڑیوں کی سروسنگ اور درستی کا خرچ الگ ہوتا ہے۔ اور اس کے لئے فنڈ کی کمی کا رونا ہر محکمے میں دکھائی دیتا ہے۔اس کی بدترین مثال سرکاری اسپتالوں میں موجود ایمبولینس ہوتی ہے۔جو عوام کے کام کم آتی ہے اور زیادہ مدت بے کارپڑی رہتی ہے اور ایک دن گجری ہوجاتی ہے۔